راولاکوٹ :سابق وزیر اطلاعات آزاد کشمیر و آزاد امیدوار اسمبلی برائے حلقہ ایل اے 21 پونچھ 4 سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ اہلیان سنگولہ کو ہمیشہ غلط باتوں اور جھوٹے پروپیگنڈوں میں الجھا کر اپنے مقاصد کی تکمیل کی جاتی رہی اور اس کے بعد پانچ سال تک کسی نے اپنی شکل تک بھی نہیں دکھائی ۔ ہمارے اس نئے حلقہ میں سب سے پسماندہ علاقہ سنگولہ ہے اور بار بار الیکشن لڑنے والے لوگوں کو پھر جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں اور جھوٹے وعدے کر رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں سنگولہ کے مقام پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس تقریب کی صدارت سابق ماہر تعلیم ،معروف سکالر،سیاسی و سماجی رہنما صابر حسین قاضی نے کی جبکہ معروف سیاسی و سماجی رہنما امیر اعظم اور سردار پرویزنے بھی خطاب کیا۔
سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ سنگولہ کے عوام اب مداریوں اور جھوٹے لوگوں کے پروپیگنڈہ میں نہیں آئیں گے اورجنہوں نے ماضی میں متعددا لیکشن لڑے اب سنگولہ کے لوگ ان پر نامنظور کی مہر ثبت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بار بار کے جھانسے دینے والے بھی یہ سن لیں کہ لوگ اب باشعور ہو چکے ہیں اور اب کی بار کسی بھی دھوکہ میں ہرگز نہیں آئیں گے ۔ میں چالیس سالہ خدمت کے ساتھ پہلی مرتبہ انتخابات میں آرہا ہوں اور میں توقع کروں گا کہ اس پسماندہ علاقہ کے لوگ اپنی فلاح و بہبود ، علاقہ کی تعمیر و ترقی، مسائل کے دیرپا اور مستقل حل کیلئے میرا ساتھ دیں گے کیونکہ میں خود ایک پسماندہ علاقہ سے تعلق رکھتا ہوں اور ساری زندگی پسماندگی ہی دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ جو مسائل میں نے خودبرداشت کیئے اور دیکھے وہ مسائل میں ہی حل کرسکتا ہوں اور باہر سے کسی کو بھی ان مسائل سے نہ کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی حل کرنے کی صلاحیت۔ لوگ سمجھ جائیں کہ ہمیشہ ان کے مسائل کو لے کر سیاست تو چمکائی جاتی رہی مگر کسی نے کبھی بھی ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش تک نہیں کی۔
سردار عا بد حسین عابد نے کہا کہ سنگولہ میں صاف ستھرے اور پڑھے لکھے لوگوں کی جانب سے حمایت کرنے پر مجھے فخر ہے اور میں تمام سنگولہ والوں سے کہتا ہوں کہ میرے ساتھیوں کا ماضی اور کردار بھی دیکھ لیں اور باقی امیدواروں کے ساتھیوں کا ماضی اور کردار بھی اچھی طرح دیکھ لیں۔ اب انشاءاللہ ایسا کبھی نہیں ہوگا کہ درمیان میں جو ایجنٹ ہیں وہ پیسے بھی کھائیں اور سکیمیں بھی مگر ووٹ سنگولہ والوں سے لیں۔ تمام سنگولہ کے لوگ براہ راست مجھ سے رابطہ میں ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انشاءاللہ میرا کوئی ایجنٹ ،کوئی مڈل مین نہیں ہے جس کے ہاتھوں میں آپ کو خراب کروں یا جو آپ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے۔ انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اب انہیں اٹھ کھڑا ہونا ہوگا اور حلقہ کی تقدیر بدلنے کیلئے میرا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ حلقہ بنوایا مگر اس پر میری حوصلہ افزائی اور شکرانے کے نوافل ادا کرنے کے بجائے میرے خلاف پروپیگنڈہ اور سازشیں کی جاتی ہیں۔ یہ حلقہ بنانے کا فائدہ یہ ہو گا کہ جہاں پہلے دس کلومیٹر سڑکیں ملتی تھیں اب وہ دوگنی ہوں گی جہاں پانچ کروڑ ملتے تھے وہاں دس ملیں گے، نوکریوں میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پہلا موقع ہے سنگولہ کے لوگوں کے لئے کہ وہ اس حلقہ سے اب کی بار استحصال کرنے والوں کو بھگاتے ہوئے چھتری تلے جمع ہوجائیں اور میرا یہ ان سے وعدہ ہے کہ یہی چھتری ان پر ہر سرد،گرم اور ہر طرح کے حالات میں ہمیشہ سائے کیئے ہوئے رکھے گی۔ سابق وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ ایک نہتے شخص عابد حسین عابد نے ایک طویل جدوجہد کے بعد اس سٹی کے نئے حلقہ کا قیام عمل میں لایا جس سے لوگوں کو براہ راست بے انتہا فائدہ ہوگا۔
اس موقع پر تقریب میں موجود تمام شرکاءنے سردار عابد حسین عابد کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ اب کی بار جھوتے نعروں اور دعووں پر یقین کرنے کے بجائے ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
Comments are closed.