اسلام آباد: بزنس فورم آزادجموں وکشمیر کے صدر عمران عزیز نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور پاکستان میں بزنس کے ساز گار ماحول سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے، بزنس فورم نئے سرمایہ کاروں کو راہنمائی اور سہولت فراہم کرے گا اور کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
آزاد جموں کشمیر بزنس فورم کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی اور بزنس فورم جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عمران عزیز نے کہاکہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے مواقعوں سے استفادہ کرتے ہوئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے ،حکومت آزادکشمیر ٹورازم میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولیات کے ساتھ ان کے سرمائے کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔
انہوں نے کہاکہ چین نے سمال انڈسٹریز پر فوکس کیاکہ اور آج دنیا کی بڑی معاشی طاقت ہے، حکومت آزادکشمیر بھی چھوٹے کاروبار اور سیاحت کے فروغ کے لیے جامع پالیسی کے تحت شہریوں کی حوصلہ افزائی کرے ۔ صدر بزنس فورم عمران عزیز نے اس توقع کا اظہارکیاکہ آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نتیجے میں ملک کی معیشت تیزی سے ترقی کرے گی اور وسیع پیمانے پرروزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ کاروبار سنت رسول ﷺ ہے اور اس میں اللہ تعالیٰ نے برکت رکھی ہے۔

عید ملن پارٹی میں راولپنڈی،اسلام آباد میں مقیم بزنس فورم کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری بزنس فورم یاسین،واجد ااقبال عباسی،نثار شائق،سہیل ریاض عباسی،جاوید عارف عباسی،فہیم اکرم،بشیرشگو،راجہ اسلم سمیت دیگر رہنماؤں نے ا ظہار خیال کیا اور خطے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا ا عادہ کیا۔
Comments are closed.