مظفرآباد: سینئر حریت رہنما الطاف بٹ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کے پاک بھارت مذاکرات سے متعلق بیان کو خوش آئند قرار دیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیری قیادت کے بغیر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہو سکتے۔
الطاف بٹ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں اور غیرمتزلزل جذبہ آزادی عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل بات چیت ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے پاک بھارت بامعنی مذاکرات کا بیان خوش آئند ہے۔ لیکن مذاکرات اس وقت تک بامعنی اور نتیجہ خیز نہیں ہو سکتے جب تک حریت قیادت کو اس میں شامل نہیں کیا جاتا۔ الطاف بٹ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ ان کی خواہشات اور مرضی کے مطابق ہونا چاہیے۔
سینئرحریت رہنما کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر انسانی حقوق کمشنر کی رپورٹ بھارتی مظالم بے نقاب کرتی ہے،غاصب بھارتی فوج کے مظالم تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دبا سکتے۔
Comments are closed.