سرینگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مودی سرکار کے مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کردیا اور کہا ہے کہ فاشسٹ بھارتی حکومت علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے فوجی محاصرے کی آڑ میں غیرمقامی لوگوں میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ تقسیم کررہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں واضح کیاکہ کشمیری عوام بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیری نوجوانوں پربڑھتے ہوئے بھارتی مظالم ، انہیں ہراساں اور گرفتارکرنے کی شدید مذمت کی۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جماؤ والا علاقہ ہے جہاں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں نے کشمیری عوام کے معمولات زندگی تباہ کردیے ہیں۔تحریک وحدت اسلامی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں مستقبل کی کسی بھی رائے شماری کو متاثر کرنے کے لئے آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔
دریں اثناءکشمیر میڈیا سروس کی طرف سے مرتب کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیری مودی حکومت کو کسی صورت میں علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مودی حکومت ہندوتوا منصوبے کے تحت مقبوضہ علاقے کے انتخابی حلقوں کی تشکیل نو کر رہی ہے تاکہ ہندو اکثریت والے جموں خطے کو زیادہ نشستیں دیکر کشمیر اسمبلی میں مسلم اکثریت کو ختم کیا جاسکے۔
قابض انتظامیہ نے اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی کو سرینگر سینٹرل جیل سے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پارٹی نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں عبدالصمد انقلابی کی صحت و سلامتی کے بارے میں سخت تشویش ظاہر کی ہے۔
جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ کے نائب چیئرمین زاہد اشرف نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازہ لہر کی شدید مذمت کی ہے۔بھارتی فوجیوںنے ضلع بڈگام میں چاڈورہ کے علاقے خامپورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ہے۔
Comments are closed.