کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فوج شہید کشمیری نوجوانوں کی میتیں بھی تدفین کیلئے انکے اہلخانہ کے حوالے نہیں کر رہی ، قابض بھارتی فوج کا یہ اقدام عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوج روزانہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے ، بیگناہ اور غیر مسلح کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل بھارتی فوج کا پرانا وطیرہ ہے اور پتھری بل اور مژھل جعلی مقابلے اسکی واضح مثال ہیں۔
جنرل سیکرٹری حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارتی فوج معصوم کشمیریوں کو شہید کرنے کے بعد ان کی میتیں بھی دور دراز علاقوںمیں اپنے زیر انتظام قبرستانوں میں دفن کردیتی ہے۔اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ بھارت شہید کشمیری نوجوانوں کے جنازوں میں بڑی تعداد میں کشمیریوں کی شرکت اور ردعمل سے خائف ہے اور سمجھتا ہے کہ شہداءکے جنازوں سے بھارت مخالف جذبات مزید ابھرتے ہیں۔
مولوی بشیر احمد نے کہا کہ شہدا کا لہو تحریک آزادی میں نئی روح پھونک رہاہے ، کشمیری اپنے عظیم شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک ان کی یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔
Comments are closed.