سری نگر: غیرقانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارک دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا معتبر عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا انتہائی خوش آئند ہے، اس سے مملکت خداداد کو بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا مزید موقع ملے گا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ بھارت بے گناہ کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے لہذااب ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کا گھناؤنا چہرہ عالمی برادری سامنے بے نقاب کیا جائے۔
مولوی بشیر احمد نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ہر فورم پر بھی کشمیری عوام کے احساسات اور جذبات کی حقیقی ترجمانی کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا محسن اور وکیل سمجھتے ہیں کیوں کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کا خواہش مند ہے۔
Comments are closed.