اسلام آباد: تحریک انصاف کی قیادت نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزاد کشمیر کے آئندہ صداراتی الیکشن میں اپنا امیدوار نامزد کر دیا۔ آزادکشمیر کے نئے صدر کا ا نتخاب 17 اگست کو ہوگا جبکہ نومنتخب صدر سے چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیر 24 اگست کو حلف لیں گے ۔
آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اس وقت تحریک انصاف کے اراکین کی تعدا 33 ہے ،پیپلزپارٹی کی 12 ،نون لیگ کی 7 جبکہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی ایک نشست ہے ۔ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 اراکین پر مشتمل ہے ۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پارٹی صدر ہونے کے باوجود وزیر اعظم آزادکشمیر نہ بنائے جانے پر ناراض تھے ، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے انہیں صدارت کے لیے منانے میں اہم کردار اداکیا جبکہ انہیں یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ ان کے ہم خیال اراکین کو حکومت میں اہم وزارتیں بھی دی جائیں گی ۔
بیرسٹرسلطان محمود اس سے پہلے 1996 سے 2001 تک پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزیر اعظم آزادکشمیر بھی رہ چکے ہیں۔ اگر وہ صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ سردار عبدالقیوم خان ، سردار اسکندر حیات اور سردار یعقوب کے بعد آزادکشمیر کے چوتھے سیاسی رہنما ہوں گے جو وزیر اعظم اور صدر ریاست کے عہدوں پر فائز رہے ۔
Comments are closed.