کشمیری برادری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی

 سری نگر/ مظفرآباد: کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے انکار پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری برادری 26 جنوری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔ تا کہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا جا سکے۔

بھارتی یوم جمہوری کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی تحریک نے مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی تحریک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ 71 برسوں سے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہی ہے۔ بھارتی قائدین اور سیاستدانوں  نے نہ صرف یہ حق دینے کا وعدہ اقوام متحدہ میں کیا بلکہ بھارتی پارلیمنٹ اور سری نگر کے لال چوک بھی اعلان کیے گئے۔ تاہم آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بھارتی سیاستدانوں کے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیا بلکہ کشمیریوں کی جانب سےاپنے اس حق کے مطالبے پر گولیوں اور پیلٹ گنز سے جواب دیا گیا۔

نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارتی حکومت کشمیریوں پر زبردستی اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نہتے کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کو دبانے کیلئے لاکھوں کی تعداد میں بھارت کے غاصب فوجیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رکھا گیا ہے۔ عوامی جذبات کو دبانے کیلئے کالے قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب کٹھ پتلی حکومت نے مقبوضہ وادی میں بھارتی یوم جمہوریت کے موقع پر خصوصی اقدامات کیے ہیں، مختلف مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس مختلف شہروں میں تعینات ہے، جگہ جگہ ناکہ بندی کر کے لوگوں اور گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشنز بھی جاری ہیں۔

Comments are closed.