برہان کا راستہ ہی آزادی کا راستہ ہے:مقررین

آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں برہان مظفر وانی اور ان کے دو دیگر ساتھیوں کے 8 ویں یوم شہادت کے موقع پر ایک بڑی تقریب کا انعقادکیا گیا۔شہدا فاونڈیشن جموں کشمیر کے زیر اہتمام تقریب تنظیم کے سربراہ سیف اللہ خالد کی سربراہی میں منعقدہ ہوئی۔جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان،نائب امیر جماعت اسلامی ایڈوکیٹ شیخ عقیل الرحمن ،حریت رہنما زاہد صفی ،پاسبان حریت کے سربراہ عزیر غزالی ،حزب المجاھدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شمشیر خان ،حریت رہنمامشتاق الاسلام ،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر اور عامر جمیل نے خطاب کرتے ہوئے شہید برہان اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مقررین نے واضح کیا کہ بھارتی رویہ نے ثابت کیا ہے کہ مسلہ کشمیر کا حل مذاکرات یا سفارت کاری میں نہیں بلکہ صرف اور صرف مسلح جدوجہد ہی اس کا واحد حل ہے ۔

تقریب میں حکومت پاکستان اور صاحب اختیار و اقتدارسے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا ایک مسلمہ فریق ہونے کی حیثیت سے وہ مجاہدین کشمیر کی بھر پور مدد کریں ۔مسئلہ کشمیر صرف اور صرف طاقت کے ذریعے ہی آزاد کرایا جاسکتا ہے کیونکہ بھارت طاقت کے بغیر کسی اور طریقے سے اس مسلے کو حل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا ۔اس موقع پر کہا گیا کہ برہان کا راستہ ہی آزادی کا راستہ ہے ۔مقررین نے کہا کہ اہل کشمیر آج بھی اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کررہے ہیں،جس کا عملی ثبوت کولگام اسلام آباد میں 06 نوجوانوں کی عظیم شہادت ہے۔ان قربانیوں کی ہر حال میں حفاظت کی جائے گی۔یہ قربانیاں تقاضا کرتی ہیں کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جدوجہد نہ صرف جاری بلکہ اس جدوجہد میں شدت لائی جائے،تاکہ ایک تو شہدا کے خون کیساتھ وفا اور دوسرا شہدا کے مشن کو بھی پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جاری تحریک آزادی میں یکسو ہیں ،اس موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کشمیری عوام کی بھرپور مدد کی جائے۔گوکہ عالمی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے مگر پاکستان اور آزاد کشمیر اس عظیم تحریک سے صرف نظر نہیں کرسکتے،اہل کشمیر کی پشت پر کھڑا ہونا ایمان کا درجہ ہے۔

تقریب کے اختتام پر دو روز قبل جنوبی کشمیر کے چینی گام یاری پورہ اور مدر گام کولگام میں جام شہادت نوش کرنے والے چھ جانبازوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔واضح رہے کہ 6 جولائی کو کولگام میں خون ریز معرکوں میں حزب المجا ہدین کیساتھ وابستہ 6 سرفروش مرتبہ شہادت پر فائز ہوئے،جبکہ ان معرکوں میں دو بھارتی فوجی ہلاک اور 08 دیگر شدید زخمی ہوئے۔

Comments are closed.