آزاد کشمیر ٹورازم اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ، بل اسمبلی سیکریٹریٹ کو ارسال
بل کی منظوری کے بعد آزاد کشمیر حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے اسپیشل ٹورازم زون ڈویلپمنٹ اتھارٹی مختلف علاقوں کو سیاحتی زون قرار دے سکے گی
مظفر آباد : آزاد کشمیر حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے ٹورازم اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔
ٹورازم اتھارٹی سے متعلق مجوزہ بل اسمبلی سیکریٹریٹ کو ارسال کردیاگیا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد آزاد کشمیر حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے اسپیشل ٹورازم زون ڈویلپمنٹ اتھارٹی مختلف علاقوں کو سیاحتی زون قرار دے سکے گی۔ اتھارٹی کے اراکین میں فوج کے دو نمائندے ، محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل، کمشنر ڈویژن، چیف کنزرویٹر جنگلات انجینئر سی اینڈ ڈبلیو، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات، ڈائریکٹر جنرل منرلز، ایڈیشنل سیکریٹری قانون، ڈپٹی سیکریٹری سیاحت سمیت دیگر نمائندے شامل ہوں گے۔ اس اتھارٹی کا تجربہ کے حامل آفیسر کو چیئرمین مقرر کیا جاسکے گا مجوزہ بل کے تحت اتھارٹی کسی بھی پرٹیکٹڈ زون کو سیاحتی زون بھی قرار دے سکے گی۔ اتھارٹی کا مرکزی دفتر دارالحکومت مظفرآباد میں ہوگا جبکہ پراجیکٹ ایریا میں حکومتی منظوری کے بعد دفاتر قائم کیے جاسکیں گے۔ سیاحتی زون میں مینجمنٹ اور کنٹرول یہی اتھارٹی کرے گی۔ کسی بھی منصوبے کو سیاحتی زون میں شروع کرنے سے قبل حکومت اور این جی اوز کو اس اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگی۔ سیاحتی علاقوں میں جموں و کشمیر فارسٹ قوانین 1930 کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وائلڈ لائف ایکٹ 2014ءکا اطلاق بھی ان علاقوں میں نہیں ہوگا۔ ماحولیات ایکٹ کا اطلاق بھی ان علاقوں میں نہیں یہ اتھارٹی مختلف سیاحتی منصوبے لگانے کی زمہ داری ادا کرسکے گی۔
Comments are closed.