اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر میں ڈیموگرافک تبدیلیوں کی مذمت کرتا ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہوگی۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ میں ان کے آئین کے آرٹیکل 35 اے پر بحث ہونے جا رہی ہے جب کہ پاکستان جموں و کشمیر میں ڈیموگرافک تبدیلیوں کی مذمت کرتا ہے، ایسا کوئی بھی اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہوگی۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم میں اضافے پر بھی تشویش ہے، پلوامہ حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں پر حملے کیے گئے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے بے پناہ استعمال، حریت رہنماوں کی گرفتاریوں، اضافی فورسز کی تعیناتیوں اور اسپتالوں میں چھٹیوں کے اعلانات نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری موجودہ صورتحال کا نوٹس لے، اقوام عالم بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور بھارت پر ظلم و تشدد کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے پر زور دے۔
Comments are closed.