آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں سےووٹرتصدیقی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے نام طلب

وقار احمد، نمائندہ آزاد کشمیر

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مہاجرین مقیم پاکستان کی انتخابی فہرست کی تیاری کے ووٹر تصدیقی کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے نام طلب کر لیے۔

پاکستان میں مقیم مہاجرین کے لیے ووٹ کے اندراج کی خاطر شناختی کارڈ کے ساتھ آزادجموں وکشمیر کا سٹیٹ سبجیکٹ کا دستاویزی ثبوت ہونا بھی قانونی تقاضا ہے۔ تاہم جن افراد کے پاس کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہیں انہیں ووٹ کا حق دینے کے لئے ووٹر لسٹوں میں اندراج کا موقع دیا جائے گا۔

آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 21 کی رو سے ایسے اشخاص کے بطور ووٹر اندراج کے لیے پاکستان کے ہر ضلع میں”جموں“ کی کیٹیگری کے لیے تحصیل سطح پر جبکہ ”کشمیر ویلی“ کی کیٹیگری کے لیے ضلعی سطح پر ووٹرز تصدیقی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز تصدیقی کمیٹی کی تصدیق پر ایسے اشخاص کے نام متعلقہ کیٹیگری کی انتخابی فہرست میں درج کئے جائیں گے۔ لہذا اس مقصد کے لیے دو، دو نمائندے” جموں“ اور ایک برائے”کشمیر ویلی“کی کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے نامزد کرنا ہوں گے۔

ادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمیشن ہذا کو 5 روز کے اندر اپنی نامزدگیاں ارسال کریں تاکہ الیکشن کمیشن ان نمائندگان پر مشتمل ووٹر تصدیقی کمیٹی تشکیل دے سکے۔

Comments are closed.