راولاکوٹ:پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے حکمران جماعت نون لیگ کی طرف سے میرٹ اور انصاف کے اصولوں کے مغائر سینکڑوں کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کو بغیر ٹیسٹ اور انٹرویو کے مستقل کرنے کی سخت مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ اقدام ہزاروں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔اپنی مدت کے خاتمے سے چند دن قبل کنٹریکٹ اور ایڈہاک ملازمین کو مستقل ملازمت دینا پری پول دھاندلی ہے۔
سردار ارشاد محمود نے کہاہے کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اورلاکھوں تعلیم یافتہ اور بے روزگارنوجوان کی آواز بنے گی۔ اس قانون سازی کے خلاف بھرپور احتجاج کے علاوہ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف اعلیٰ عدالتوں سے بھی رجوع کیاجائے گا، ماضی میں معزز عدالتیں اس طرز کی قانون سازی کو کالعدم قراردے چکی ہیں۔
ارشادمحمود کاکہناتھا کہ میرٹ کے اصول کی خلاف ورزیوں کے نتائج آنے والی نسلوں کو بھگتنا ہوں گے ۔اگر حکومت نے ایسے ہی بھرتیاں کرنی ہیں تو پبلک سروس کمیشن کے دفتر کو تالے لگادے۔ انہوں نے طلبہ تنظمیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس ان ناانصا فی کے خلاف منظم احتجاج کے ذریعے حکومت کو اس قانون سازی کو واپس لینے پر مجبور کریں۔
Comments are closed.