فیصل راٹھور,طارق سعید کی بلاول بھٹوسے ملاقات، طارق سعید کی پیپلزپارٹی میں واپسی

 کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور سے سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور سابق چیرمین زکوة کونسل و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ نے کراچی میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں خواجہ طارق سعید نے چیئرمین بلاول بھٹو کو اپنے ان تحفظات سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے وہ پاکستان پیپلزپارٹی سے مستعفی ٰ ہوئے تھے ۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ خواجہ سعید اورانکے خاندان کی پیپلز پارٹی کے ساتھ نظریاتی وابستگی اور خدمات بے مثال ہیں، پارٹی آپکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، اس لیے پارٹی کے ساتھ رہتے ہوئے پوری محنت سے کام جاری رکھیں۔خواجہ طارق سعید نے چئیرمین بلاول بھٹو سے کہاکہ آپ کی گفتگو اور حوصلہ افزائی سے تمام تحفظات دور اور حوصلہ بلند ہواہے ، فیصل راٹھور کیساتھ مل کر پہلے کی طرح پارٹی کیلے کام کریں گے اور انشاءاللہ پارٹی پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔

سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے بلاول بھٹو زرداری کو آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی ہی اکثریتی پارلیمانی پارٹی بن کر سامنے آئے گی ،پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کومد نظر رکھتے ہوئے تمام حلقوں میں اہل امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دئیےجائیں گے ۔

Comments are closed.