سری نگر: بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ہرسال 5 فروری کو آزاد جموں وکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں منائے جانے والے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن پروزیراعظم پاکستان عمر ان خان کی تصاویر موجود ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن الائنس کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں اس دن کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا گیاہے۔
پوسٹرز پر”مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورموں پر موثر طورپر اجاگر کرنے پر پاکستان اورعمران خان آپ کا شکریہ“ کے الفاظ درج ہے۔ پوسٹروں میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا ہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
ادھر حریت رہنماؤں شبیراحمد ڈار، عبدالصمد انقلابی، عبدالاحد پرہ اور نریندر سنگھ خالصہ نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی مخلصانہ اور عملی سوچ کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کو تحریک مزاحمت کشمیر اور اس دیرینہ تنازعے سے متعلق عالمی طاقتوں کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دلانے کے خصوصی تناظر میں تاریخی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ دن غاصب بھارت کو بھی یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کشمیریوں اور حق خودارایت کے حصول کی انکی منصفانہ جدوجہد کی بھی مکمل حمایت کرتا ہے۔
Comments are closed.