مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہوں کا قتل عام جاری، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں معصوم کشمیری مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو غاصب فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے علاقے کاک پورہ میں نام نہاد تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران گولیاں مار کر شہید کیا۔علاقے میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک لڑکی سمیت متعدد نوجوان زخمی ہوئے۔

قابض فوج کی جانب سے علاقے میں تلاشی و محاصرہ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کو ہراساں کیے جانے اور چادرو چاردیواری کے تقدس کو پامال کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل جب کہ داخلی و خارجی راستے بند کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کی آڑ میں کشمیری مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، گزشتہ ایک ماہ کے دوران بھارتی فوجیوں نے 11 معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کو بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کیا۔

Comments are closed.