کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کے جوان سمیت 2 افراد شہید

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے جوان سمیت 2 افراد شہید اور چار شہری زخمی ہوگئے۔

پاکستانی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بروہ اور ٹینڈر سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے گاؤں بروہ کا 15 سالہ لڑکا شہید ہوگیا جبکہ گاؤں کرتن کی خاتون سمیت چار شہری زخمی ہوئے۔

دشمن فوج کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شفیق وطن عزیز پر جان قربان کر گیا۔ پاکستانی فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصانات کی اطلاع ہے۔

کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ و گولہ باری میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں تعینات بھارتی سفارت کاروں کو بارہا دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا جاتا ہے تاہم بھارت کا جنگی جنون کسی طور کم ہونے میں نہیں آرہا۔

دوسری جانب عالمی برادری بھی بھارت کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لینے اور اسے جارحیت سے روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے 2334 مرتبہ سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

Comments are closed.