مقبوضہ وادی میں خون کی ہولی جاری، مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خون کی ہولی جاری ہے، بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے دونوں نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ملہورہ میں گزشتہ شب سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔

دوسری جانب پولیس کے ایک عہدے دارنے میڈیا کو بتایا ہے کہ پلوامہ میں سرینگر شوپیاں روڈ پر ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے دو اہلکارزخمی ہو گئے ہیں۔ بھارتی فوجیوں نے سری نگر، کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، بڈگام، گاندربل، پلوامہ، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام سمیت مختلف اضلاع میں کورونا وبا کے باوجود تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائیاں جاری رکھیں۔

متعدد مقامی افرادنے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں اور کورونا وائرس کی تباہ کاریوں نے ان کی معمولات زندگی اور معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

Comments are closed.