مقبوضہ کشمیر میں ایک بھارتی فوجی کی خودکشی، مختلف واقعات میں مزید 2 ہلاک

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک بھارتی اہلکار نے سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی جب کہ دوسرے نے خود کو شدید زخمی کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے آج سرینگر شہر کے علاقے پانتہ چوک میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔ خودکشی کرنے والے اہلکارکی شناخت 29 بٹالین کے بسوجیت دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔

سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اور اہلکار نے جس کی شناخت پروین منڈا کے نام سے ہوئی ہے، سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں اپنی سروس رائفل سے خود کوگولی مارکر خودکشی کرنے کی کوشش کی تاہم وہ شدید زخمی ہوگیا۔

دریں اثناء ضلع بارہمولہ میں گلمرگ کے علاقے دیور گلی کی فوجی چوکی پر اکشے کمار نامی ایک بھارتی فوجی کی سروس رائفل سے اچانک گولی چلنے سے وہ ہلاک ہوگیا۔ ادھر بھارتی فوج کے ایک عہدیدارنے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کرگل کے علاقے میں کنٹرول لائن کے نزدیک ایک فوجی اس وقت ہلاک ہوگیا جب اس کا پیر ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگیا۔

Comments are closed.