عالمی برادری یاسین ملک کی بھوک ہڑتال ختم کرنے میں کردار ادا کرے، ارشاد محمود

پی ٹی آئی یاسین ملک کی جدوجہدآزادی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ارشاد محمود، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی آزادکشمیر

اسلام آباد : آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات ارشاد محمود نے کہا ہے کہ عالمی برادری یاسین ملک کی بھارت کے تہاڑ جیل میں گزشتہ تین دن سے جاری تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کرانے اور انہیں انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے کے باہر جے کے ایل ایف کے رہنماؤں حق نواز اور سلیم ہارون کی طرف سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد محمود نے کہا کہ یاسین ملک کا مطالبہ جائز ہے کہ انہیں مقدمات میں اپنے دفاع کو پورا حق نہیں ملا۔ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں دیگر جاری مقدمات میں عدالت برائے راست سنے تاکہ وہ عدالت کے سامنے اپنا نقط نظر بیان کرسکیں۔

ارشاد محمود نے کہا کہ یاسین ملک کا مطالبہ جائز اور قانونی ہے جس کی حمایت کی جانی چاہیے۔ یاسین ملک کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔ ہر دن ان کی صحت گر رہی ہے اور جیل میں ان کی دیکھ بھال کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ تہاڑجیل میں پہلے بھی کئی لوگ بھوک ہڑتال کے دوران جان بحق ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سکریٹری اطلاعات و نشریات نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، او آئی سی اور خود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل یاسین ملک کی زندگی بچانے کے لیے کردار ادا کریں کیونکہ وہ حریت پسند سیاسی رہنما ہیں کوئی دہشت گرد نہیں کہ انہیں حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جائے۔ ارشاد محمود نے متنبہ کیا کہ اگر یاسین ملک کے ساتھ کچھ برا ہوا تو اس کے اثرات صرف مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوگا۔سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو اگر آج بچانے میں ہم ناکام ہوگئے تو کل کلاں شبیر شاہ، مسرت عالم اور آسیہ اندرابی کی طرح کے درجنوں دیگر رہنماؤں کو کا انجام بھی یاسین ملک سے مختلف نہیں ہوگا۔ یاسین ملک کا مقدمہ ایک ٹیسٹ کیس ہے لہٰذا پاکستان کی وزارت خانہ اور دیگر اداروں کو بھرپور طریقہ سے کشمیری ڈائسپورہ کے ساتھ مل کر یاسین ملک کی رہائی کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔

Comments are closed.