اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مظالم کا فوری نوٹس لینے پر زور دیا ہے۔
بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیواس بیرن سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ قابض بھارتی فورسز نے انہیں ایک سال سے کرفیو میں رکھ کر پابند سلاسل کیا ہوا ہے جو کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
قبل ازیں بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیواس بیرن نے اسلام آباد میں چیئرمین سیینٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان سے بھی بین الپارلیمانی یونین کی صدر نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے تعاون بڑھانے، کوویڈ 19 اور خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے گبریلا بیرن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی ڈپلومیسی میں ان کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کورونا وائرس کے باعث صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور انھیں بتایا کہ حکومت کا فوکس لوگوں کی زندگیاں بچانے اور معیشت کی بحالی تھا۔ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور دیگر اقدامات سے بہتری آئی۔
وزیراعظم نے انھیں ہندوتوا پالیسی سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو سنگین خطرہ درپیش ہے۔ بھارت کی ہندوتوا پالیسی خطے میں امن وامان کے لیے بھی خطرہ ہے۔
Comments are closed.