کشمیرکمپین گلوبل کے چیئرمین اور ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رہنما نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ بھارت جمہوری نہیں بلکہ ایک فسطائی ملک ہے،جس نے اہل کشمیر کو ان کے بنیادی جمہوری حقوق سے یکسر محروم کررکھا ہے۔اپنے بیان میں کشمیری رہنما نے کہا کہ 26 جنوری کو بھارت اپنا76واں یوم جمہوریہ منارہا تھا تو وہیں نہ صرف مقبوضہ جموں وکشمیر بلکہ آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان کے علاوہ پوری دنیا میں مقیم کشمیری اور ان کے ہمدرد بھارتی جمہوریت پر ماتم کنان دنیا کے ساتھ ساتھ بھارت پر واضح کررہے تھے کہ وہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے تحت زندگی بسر کرنے والے کشمیری عوام کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،لہذا عالمی برادری بالعموم اور اقوام متحدہ بالخصوص کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے موثر اور بروقت اقدامات کریں،تاکہ کشمیری عوام بھی بھارتی دہشت گردی سے نجات پاکر آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں،جو ہر انسان کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے۔
نذیر احمد قریشی نے کہا کہ 26جنوری ہو یا 15 اگست،جنہیں بھارت قومی دنوں کے طور پر مناتا ہے،کشمیری عوام کیلئے مشکلات و مصائب لیکر آتے ہیں۔البتہ بھارتی حکمرانوں کو اس بات پر غور وخوض کرنا چاہیے کہ انہیں کیونکر مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایسے ظالمانہ اقدامات کرنے پڑتے ہیں،جو پوری دنیا میں ان کی شرمندگی اور خفت کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس بھارتی ریاستوں میں ایسے حالات پیدا نہیں ہوتے،کہ لوگوں کو تقریبات کے حصول کیلئے یرغمال بنایا جائے۔کشمیری رہنما نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں لوگوں کو یرغمال بنانا،انہیں گھروں میں قید کرنا ،پوری ریاست کو فوجی چھاونی میں تبدیل کرنا اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک غاصب اور قابض ہے۔عالمی برادی کب تک بھارتی مظالم اور بربریت پر آنکھیں بند کرکے مجرمانہ خاموشی اختیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بے سکونی اور بدامنی ہے،جس کی بنیادی وجہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین ہیں،دونوں مقامات پربرہمن اور صہیونی سامراج مسلمانوں کا خون بے دردی سے بہارہے ہیں۔اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہا ،تو ایک خوفناک جنگ دستک دینے کے بالکل قریب پہنچ چکی ہے،جس کے بعد کچھ نہیں بچے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مظلوم اور محکوم کشمیری اور فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کیا جائے،جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی قرادادیں دے چکی ہیں،جن پر عملدرآمد ہی عالمی جنگ کو ٹالنے کا باعث بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر برصغیر جنوبی ایشیا ء میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے او ر اس تنازعے کا حل ہی خطے میں امن کی کلید ہے۔کشمیری رہنما نے حال ہی میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما عبدالمجید ملک کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کیساتھ تعزیت، یکجتی اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محروم تحریک آزادی کشمیر کیساتھ کئی برسوں سے وابستہ تھے اور بالاخر تحریک کی آبیاری کرتے کرتے اپنے رب کے حضور پیش ہوئے۔ جو ان کے مخلص ہونے کی گواہی ہے۔
Comments are closed.