تحریک کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام کانفرنس: الطاف بٹ کا جذباتی خطاب

برنلی: تحریک کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام ‘کشمیر دی کیس آف فریڈم’ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینئر حریت رہنما الطاف بٹ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدور محمد غالب، فہیم کیانی کی جانب سے کانفرنس کی میزبان میاں عبدالوحید تھے۔ کانفرنس کے دیگر شرکاء برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین واجد خان، ساجد کریم، جولی وارڈ، اینڈریو سٹیفن سن،جولی کوپر، گراہم جونز، ڈاکٹر ریاض احمد اور حبیب الرحمان آفاقی شامل تھے۔

سینئر حریت رہنما الطاف بٹ نے کانفرنس کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم تذکرہ کیا گیا تو برطانوی اراکین پارلیمنٹ سمیت تمام شرکاء پرسکتہ طاری ہوگیا اور تقریب میں موجود لوگوں کی آنکھیں پرنم ہو گئیں۔

الطاف بٹ کا کہنا تھا کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، معصوم کشمیریوں کا بہتا خون عالمی برادری سے انصاف کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ہر روز نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے معصوم بچوں کی بینائی چھینی جارہی ہے، غاصب بھارتی فوج نے کشمیر کو موت کی وادی میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔

الطاف بٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے کمیشن اور برطانوی پارلیمانی گروپ کی رپورٹس سب کے سامنے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر عالمی اداروں کی رپورٹس بھارت کا ہاتھ روکنے کا مطالبہ کررہی ہیں۔

Comments are closed.