مظفرآباد: لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کی کشمیری قیادت نے تحریک حق خود ارادیت کو پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، اس سلسلے میں بھارت کی کسی سازش اور منفی ہتھکنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صدر آزاد کشمیر سردارمسعود خان کے ہمراہ مقبوضہ اور آزاد کشمیر کی حریت قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف حالیہ جارحیت بھارت کا سب سے بڑا خطرناک ہتھکنڈہ تھا جسے اللہ کے فضل و کرم ، پاکستان کی بہادر افواج اور کشمیریوں نے مل کر ناکام بنا دیا۔ اس جارحیت کا مقصد کشمیریوں کی تحریک آزادی کو پاکستان کی صورت میں سب سے توانا آواز سے محروم کرنا تھا۔
سردار مسعود خان نےکہا کہ پوری دنیا نے بھارت کی جارحیت اور اس کی جنونی قیادت کے جنگی ذہنیت کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ یہ تاثر دیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہاہے۔ لیکن پاکستان پر ننگی جارحیت مسلط کرنے کے بعد دنیا میں بھارت کا منفی پروپیگنڈہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری انصاف اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اس لیے حق پر مبنی اُن کی تحریک کو بھارت سمیت دنیا کی کوئی طاقت کچل نہیں سکتی۔ انہوں نے پلوامہ واقعہ اور نام نہاد سرجیکل سٹرائیکس کے پروپیگنڈے کو ایک سموک سکرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جو خطرناک چال چلی تھی وہ اللہ تعالیٰ نے اور افواج پاکستان نے پوری جرات اور بہادری کے ساتھ ناکام بنا دی۔
کشمیری قیادت نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں کا فرانزک آڈٹ کرائے تاکہ اس بات کا تعین ہو سکے کہ بھارتی فوج نے کتنے بے گناہ کشمیریوں کو دہشتگرد قرار دے کر ماورائے عدالت قتل کیا اور انہیں گمنام قبروں میں دفن کر دیا۔
Comments are closed.