کشمیریوں کا بھارتی یوم جمہوریہ پر یوم سیاہ منانے کا اعلان،کرفیوجیسی پابندیاں نافذ

سری نگر: بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری منگل کو نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، اس موقع پر سیکورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت مقبوضہ وادی کے دیگر مقامات پر چوکیاں قائم کر دی ہیں جہاں مسافروں اور راہگیروں کو روک کر انکی جامہ تلاشی لی جاتی ہے۔ بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

سرینگر شہر کے تمام داخلی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی ہے ۔غاصب فورسز کے اہلکار سراغ رساں کتوں کے ہمراہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں جبکہ بھارتی فوجیوں نے بھی گشت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ سرینگر کو دیگر اضلاع سے ملانے والے مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنماؤں، تنظیموں نے کشمیریوں سے بھارتی یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طور پر منانے اور تمام سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے وادی کے مختلف مقامات میں چسپاں پوسٹروں کے ذریعے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں، دکانوں اور کھمبوں پر سیاہ جھنڈے لہرا کرعالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیں کہ بھارت ایک جمہوری ملک نہیں ہے۔

Comments are closed.