تحریک آزادی کشمیر،8 جولائی تجدید عہد کا دن

مظفر آباد: 8 جولائی تجدید عہد کا دن ۔ یہ دن ظالم طاغوت کے خلاف مظلوم اقوام کیلئے بیداری اور اپنے حق خودارادیت کے حصول میں قربانیوں کی عظیم اور لازوال تاریخ کی یاد دہانی ہے۔جب امت مسلمہ کے ایک معصوم مگر شیر دل نوجوان برہان وانی نے اپنی جان کی بازی لگاکر خود کو تحریک اور تاریخ میں ہمیشہ کیلئے امر کیا ہے۔یہ دن جہاں بھارتی مظالم اور اقوام عالم کی بے حسی کے خلاف جدو جہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کا دن ہے وہیں مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال سے اقوام عالم کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کا بھی دن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ترجمان سید صداقت حسین نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں نہتے کشمیری عوام قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین ظلم و تشدد اور مصائب کا شکار ہیں ۔اس بدترین ریاستی جبر کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم آبادی کی نسل کشی بلا روک ٹوک جاری ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں 1990 سے لیکر اب تک ایک لاکھ کے قریب نہتے کشمیریوں کی شہادت، 23,000 خواتین بیواہ،1,24000 بچے یتیم اور 10000 سے زائد افراد کی جبری گمشدگیوں سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیری عوام بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔اس سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے باوجود اقوام عالم اور عالمی اداروں کی بے حسی و پر اسرار خاموشی انتہائی افسوسناک امر ہے ۔کشمیری عوام عالمی برادری کواپنی ذ مہ داریاں یاد دلانے اور بھارت کی فسطائی مودی حکومت کے ظلم و جبر کی مذمت کیلئے 8 جولائی بروز ہفتہ 2023 کو مکمل ہڑتال اور احتجاج کرکے واضح کریں گے کہ وہ اپنے شہدا کے ساتھ ہر حال میں وفا کریں گے’ جن میں افسانوی شہرت کے حامل برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھی سرتاج احمد اور پرویز احمد بھی شامل ہیں ،جنہیں 8 جوالائی 2016 میں غاصب اور برہمن سامراج نے بمہ ڈورو کوکرناگ اسلام آباد میں ماورائے عدالت قتل کرکے اپنے لیے ہمیشہ کی ذلت ورسوائی کا سامان کیا ۔ ترجمان نے مقبوضہ ریاست سے باہر دنیا میں جہاں کہیں بھی کشمیری مقیم ہوں سے بھی دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ بھی 8 جولائی کو بھارتی ظلم و جبر اور اقوام عالم کی خاموشی پر احتجاج کریں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غاصبانہ اور ناجائز بھارتی قبضے کے خاتمے کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی اور کسی طالع ازما کو اہل کشمیر کے مقدس لہو کے ساتھ غداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔بلکہ کٹی جوانیوں اور لٹی عصمتوں کا تحفظ ہر کشمیری پر فرض اور قرض ہے جس کیلئے آج بھی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ اہل کشمیر کیلئے آزادی کا باعث ضرور بنیں گی۔

Comments are closed.