کے پی ایل : شاہد آفریدی کے چوکے چھکے دیکھنے آئے، وہ کھیل ہی نہیں رہے
شاہد آفریدی کی ٹیم جموں جانباز سمیت تین ٹیمیں کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن کے گروپ میچ مرحلے سے باہر ہو گئی ہیں۔ چار ٹیمیں آج سے شروع ہونے والا پلے آف مرحلہ کھیلیں گی
آزاد جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جاری کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا اور گروپ میچ میں حصہ لینے والی کل سات ٹیموں میں سے چار پلے آف مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
لیگ سے باہر ہونے والی تین ٹیموں میں دفاعی چیمپئن راولاکوٹ ہاکس اور رنر اپ مظفرآباد ٹائیگرز کے علاوہ اس سال نئی شامل ہونے والی ٹیم جموں جانباز بھی شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی جموں جانباز کے سکواڈ کا حصہ تھے، لیکن وہ افتتاحی میچ کے علاوہ کسی میچ میں بھی میدان میں نہیں اترے، جس پر ان کے فینز نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر پریمیئر لیگ کے چیئرمین عارف ملک نے لیگ کے آغاز سے قبل اعلان کیا تھا کہ شاہد آفریدی اس سیزن میں ممکنہ طور پر اپنے کیرئیر کی آخری اننگ کھیلیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ جموں جانباز کے تمام چھ گروپ میچز میں ایک بڑی تعداد میں شائقین محض اس لیے سٹیڈیم میں موجود رہے کہ وہ شاہد آفریدی کو کھیلتے دیکھ سکیں، مگر شاہد آفریدی ماسوائے ایک کے کسی میچ میں سامنے نہیں آئے۔
کے پی ایل کے دوسرے سیزن کا دوسرا مرحلہ اور آخری مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے اور اس مرحلے میں چار ٹیمیں اب فائنل جیتنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
چار ٹیموں میں میرپور رائلز اور باغ سٹالینز کوالیفائر جبکہ اوورسیز وارئیرز اور کوٹلی لائنز ایلیمینٹر میچ کھیلیں گی۔
گروپ میچز کے آخری مقابلے میں کوٹلی لائنز نے غیر متوقع طور پر سیزن ون کی چیمپیئن راولاکوٹ ہاکس کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف اپنا رن ریٹ بہتر کیا بلکہ راولاکوٹ ہاکس، مظفرآباد ٹائیگرز اور جموں جانباز کو باہر دھکیلتے ہوئے آخری نمبر سے پلے آف مرحلے میں اپنی جگہ بنا لی۔
کے پی ایل کا فائنل میچ 26 اگست شام سات بجے جلال آباد کرکٹ سٹیڈیم مظفرآباد میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.