قوم کے بہادرسپوت شہید لیفٹیننٹ ناصرخالد کی نمازجنازہ ادا، فوجی اعزاز کیساتھ تدفین

 شمالی  وزیر ستان میں شہید ہونے والے  لیفٹیننٹ ناصر خالد کی نماز جنازہ کالج  گراونڈ مظفرآباد میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں صدر آزادکشمیر سردارمسعود خان ،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت اعلیٰ  سول و عسکری حکام کیساتھ  ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

 اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے شہید کو زبردست خراج  عقیدت  پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید لیفٹیننٹ ناصر خالد آزادکشمیر کے  قابل فخر سپوت ہیں جنھوں نے اپنی جان وطن عزیز پر قربان کر دی۔ شہید  کی بہادر والدہ ہمارا فخر ہیں ،آج پوری  قوم  انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔

 وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے لیکر پاک فوج کے ایک ایک سپاہی کو یقین دلاتا ہوں  کہ ہم آپ کے شانہ  بشانہ  کھڑے ہیں۔ شہید کے نقش قدم  پرچلتے ہوئے آزادکشمیر کے عوام دفاع پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کرینگے۔

وطن عزیز میں تخریب کاری کے خاتمے کے لیے پاک فوج اور پولیس سمیت سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا، واضح رہے کہ گزشتہ  روز شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ  ہوا تھا جس میں لیفٹیننٹ ناصر خالد سمیت تین جوان  جام  شہادت نوش کر گئے تھے ۔

Comments are closed.