مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ نظربند کر دیا

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق کو ایک بار پھر نظر بند کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کو تقریباً 20 ماہ کی گھر میں نظر بندی کے بعد گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا۔ انہیں نریندرا مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کومقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے ایک روز قبل چاراگست کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا تھا۔

میر واعظ کو آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرنا تھا تاہم قابض انتظامیہ نے آج صبح سویرے ان کے گھر کے باہر بھارتی فورسز کی مزید نفری تعینات کر کے انہیں پھر سے گھر میں نظر بند کر دیا۔

دریںاثنا میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم عوامی ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے” کشمیر میڈیا سروس“ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس کے افسروں نے گزشتہ رات میر واعظ کو مطلع کیا کہ وہ آج جمعہ کی نماز اور اجتماع سے خطاب کیلئے جامع مسجد نہیں جاسکتے اور گھر میں ہی نظر بند رہیں گے۔

Comments are closed.