وزیراعظم مودی کا دورہ مقبوضہ کشمیر ، سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے بھارتی وزیراعظم کے دورے سے قبل سری نگر اور دیگر علاقوں میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اتوار کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے سری نگر، جموں سمیت دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔  بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے اپنے سیکورٹی اقدامات کو جانچنے کے لیے سری نگر کے علاقے لال چوک میں ایک مشق بھی کی جس دوران ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا۔

اس دوران گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی لی گئی۔ جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ قابض فورسز نے سری نگر کے اہم مقامات پر مزید چیک پوسٹیں بھی قائم کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ نریندر مودی بجلی کے ایک منصوبے کے افتتاح کے لیے اتوار کو مقبوضہ وادی کا دورہ کریں گے۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی تحریک نے بھارتی وزیراعظم کے دورے کے خلاف وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

Comments are closed.