اسلام آباد: ریاست جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے 76 سال ، یوم سیاہ کی مناسبت سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں کام کرنے والے مقبوضہ جموں و کشمیر کے صحافیوں کی تنظیم اوکجا کے زیر اہتمام ویبی نار کا انعقاد کیا گیا۔ ویبنار کا عنوان ،،کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے 76 سال اور تحریک آزادی میں ہمارا کردار اور ذمہ داریاں تھا۔
وبینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے سنیئر حریت رہنما الطاف حسین وانی، نامورکشمیری اسکالر زڈاکٹر ولید رسول،ڈاکٹر اشرف وانی اور دیگرنے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی فوج نے تمام بین الاقوامی اصولوں اور جمہوری اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو غیر قانونی بھارت کے قبضے سے آزاد کرانے کیلئے ہر کشمیری کا کردار ناگزیر ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم اور اس کے ناجائز قبضے کو بے نقاب کرنے اور مظلوم کشمیری عوام کی 76 سال سے جاری جدوجہد آزادی کو ا جاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا سمیت ابلاغی محاذ کا بھرپور استعمال کرنا ہوگا۔ اس صورتحال میں کشمیری صحافیوں پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ بھارتی مظالم سے نہ صرف مکمل آ گاہ ہیں بلکہ اس کا شکار بھی ہیں۔
مقررین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں روکنے کے لیے اپنا کرادار ادا کریں اور گرفتار انسانی حقوق کے کارکنان اور صحافیوں کو فوری رہا کیاجائے۔
Comments are closed.