اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی، جعلی پولیس مقابلوں اور سرچ آپریشنز کے نام پر نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ذرائع ابلاغ سمیت عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی طور پربھارت کے زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور مسلسل بگڑتی ہوئی صورت حال کا نوٹس لیں۔
بیان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے خلاف جنگی جرائم پر بھارت کا محاسبہ کیا جائے جب کہ عالمی برادری خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے اضلاع کولگام اور پلوامہ میں چار کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا جب کہ ایک چودہ سالہ لڑکا شدید زخمی ہوا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی قابض افواج خواتین اور بچوں سمیت 300 سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔
Comments are closed.