اسلام آباد: پاکستان نے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے خدمات، قربانیوں اور کشمیری قوم کی دلیرانہ قیادت کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ سے نوازا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدرڈاکٹر عارف علوی نے آج یوم آزادی کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا، سید علی گیلانی کی طرف سے کشمیری حریت رہنماؤں نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔
سینیٹ آف پاکستان نے 27 جولائی کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے سیدعلی گیلانی کو انکی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازنے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کی تھی۔
تقریب میں سید علی گیلانی کو ان کے غیرمتزلزل عزم، لگن، نڈر قیادت اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم، ظالمانہ ہتھکنڈوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر 90برس کی ضعیف العمری میں سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی۔
سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے 5 اگست کو منائے جانے والے یوم استحصال کے موقع پر مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔
Comments are closed.