اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ملاقات میں پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے عہدیداروں نے پارٹی چیئرمین کو بھارت کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماﺅں کی گرفتاریوں اور ان پر تشدد سے آگاہ کیا۔
پیپلزپارٹی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ان کا دل مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے دھڑکتا ہے۔ اگر پاکستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو نریندر مودی کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی جرات نہ ہوتی۔ پیپلز پارٹی کی بنیاد کی مسلہ کشمیر پر رکھی گئی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عہد نبھاتے ہوئے ہر لمحہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں سے حق خوادرادیت کا وعدہ پورا کرے ۔
بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماﺅں محمد مطلوب انقلابی ، سردار غلام صادق اور سردار ایوب کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بے لوث اور نظریاتی رہنماوں کی رحلت سے پیپلزپارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، مطلوب انقلابی اور سردار غلام صادق کی پیپلز پارٹی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، دورہ آزاد کشمیر کے دوران ان رہنماوں کے گھر جاکر لواحقین کیساتھ تعزیت کروں گا۔
پیپلزپارٹی وفد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین ، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل فیصل ممتازراٹھور، سیکریٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی شامل تھے جبکہ ملاقات میں سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر اورسینیٹر قرات العین مری بھی شریک رہیں۔
Comments are closed.