مقبوضہ جموں وکشمیرمیں توہین رسالت کیخلاف کل مکمل ہڑتال کی جائے گی

سری نگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر ست پال شرما کے حضور نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کےخلاف گستاخانہ بیان کی مذمت کیلئے کل مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جبکہ دیگر تمام حریت رہنماﺅں اور تنظیموںنے اس کی حمایت کی ہے۔ ہڑتال کا مقصد گزشتہ ماہ شوپیاں میں ایک جعلی مقابلے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرنا بھی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ لاکھوں کشمیری مسلمان حضور ﷺ کی ناموس کے تحفظ کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریںگے۔

ادھر حریت رہنماﺅں اور تنظیموں بشمول مسرت عالم بٹ ، غلام محمد خان سوپوری ، خواجہ فردوس ،محمد یوسف نقاش، دیویندر سنگھ بہل،حنیف کالس، اعجاز مدنی، تحریک وحدت اسلامی اور اسلامی تنظیم آزادی نے اپنے الگ الگ بیانات میں بی جے پی لیڈر کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماءمسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری اپنے پیغام میں کہاہے کہ مودی حکومت کے دہشت گرد گروپ مسلمانوں کے جذبات کو دانستہ طورپر مجروح کر رہے ہیں تاکہ انہیں اشتعال دلایا جاسکے۔

 حریت رہنماؤں نے کہاکہ ستپال شرما نے دانستہ طورپر گستاخی پر مبنی ویڈیو جاری کی تاکہ مقبوضہ علاقے میں فرقہ ورانہ فسادات کی آڑ میں کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کیاجاسکے۔ حریت رہنماؤں نے نبی آخرالزماں ﷺکی شان میں گستاخی کرنے والے کو سزا موت دینے کا مطالبہ کیا۔

دریں اثناءجموں ریجن کے علاقوںرام بن، کشتواڑ، بانیہال ، ڈوڈہ،بھدروہ ، پونچھ ، راجوری اور ریاسی میں مکمل ہڑتال اور زبردست مظاہرے کئے گئے۔ سرینگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ امت اسلامی کے چیئرمین قاضی یاسر نے اسلام آباد میں ایک مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کے تقدس پر قربان ہونے کیلئے پہلی گولی کھانے کیلئے تیار ہیں۔ مظاہرے کے فورابعد بھارتی پولیس نے انہیں گرفتارکرلیا۔

Comments are closed.