اسلام آباد: تحریک انصاف آزادکشمیرکے صدر اور رکن آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی بیرسڑ سلطان محمود چودھری نے کہاکہ نون لیگ، مسلم کانفرنس اور پیپلزپارٹی کے گٹھ جوڑ کو اگلے الیکشن میں عبرت ناک شکست ہوگی، کشمیریوں کو اچھی انتظامیہ، معاشی طور پر خود کفیل خطہ اور خوشحال ریاست کا تحفہ دیں گے،مودی کی کشمیر پالیسی ناکام ہوچکی ہے،نون لیگی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر شائع کریں گے
اسلام آباد میں تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف آزادکشمیرکے صدر اور رکن آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی بیرسڑ سلطان محمود چودھری نے کہاکہ آزادکشمیرکے عوام تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں۔ عوام کا پی ٹی آئی کی طرف جھکاؤ اور ملنے والی غیر معمولی پذیرائی دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ اگلے سال ہونے والے الیکشن میں نون لیگ، مسلم کانفرنس اور پیپلزپارٹی کے گٹھ جوڑ کو عبرت ناک شکست ہوگی۔
تحریک انصاف گورننگ باڈی نے عوامی رابطہ مہم اور عوام کے پرجوش استقبال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آکربدعنوان عناصر کو جیلوں میں ڈالے گی اور کشمیریوں کو ایک اچھی، معاشی طور پر خود کفیل اور خوشحال ریاست کا تحفہ دے گی۔ اگلے چند ہفتوں میں نون لیگی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیاجائے گا۔۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کی ستم کی سخت مذمت کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں تیرہ ماہ سے لاک ڈاون جاری ہے جبکہ کورنا کی مہلک وباء سے آٹھ سو سے زائد کشمیری شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔ جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود بھارتی حکومت اب تک سیاسی عمل شروع کرنے میں مکمل ناکام ہے ۔ کسی قابل ذکر کشمیری سیاسی و سماجی شخصیت یا سیاسی پارٹی کی جانب سے پانچ اگست کے غیرقانونی اقدامات کی توثیق نہ کرنانریندرمودی کی ناکام کشمیر پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارتی حکومت تشدد کے ذریعے تحریک آزادی کو کچلنے کی کوششوں میں اس حد تک گر چکی ہے کہ عاشورہ جلوسوں پر بھی پلٹ گن سے فائرنگ کی گئی جس سے سینکڑوں نوجوان زخمی ہوئے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر سخت غم وغصے کا اظہار کیا کہ تیرہ ماہ میں لگ بھگ تین سو کشمیریوں کو شہید کیا گیا اوربھارتی ریاست دہشت گردی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ شرکا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارت کے خلاف وہ ٹھوس اقدامات کرے اور کشمیریوں کے حق خودارایت کے انعقاد کے لیے اقوام متحدہ کو مجبور کریں۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم عمران خان کی کشمیر پالیسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چار دہائیوں بعد اس مسئلہ کو سلامتی کونسل میں چین کی مدد سے اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا اور کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کردیا۔۔
گورننگ باڈی نے کورونا کے باعث آزادکشمیر کے طلبہ کا تیز رفتار انٹرنیٹ نہ ہونے کی بدولت ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادکشمیر فور جی کی فراہمی میں حائل روکاوٹوں کو دور کرانے کی سنجیدہ کوشش کرے۔ گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ رابطہ عوام مہم جاری رکھی جائے گی اور تمام اضلاع میں بڑے اجتماعات کیے جائیں گے۔گورننگ باڈی نے مشترکہ طور پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے آزادکشمیر کے تمام شہریوں کو انصاف صحت کارڈ کے اجراکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے لیے جاری کیے ساڑھے تین ارب روپے کے پیکیج کے بعد کشمیریوں کے لیے یہ دوسرا بڑا تحفہ ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے جنگلات، اساس پروگرام اور دیگر منصوبوں کے ذریعے آزادکشمیر کو فراہم کیے جانے والے وسائل کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وفاق کے ان پروگراموں پر نون لیگ اپنی سیاست نہ چمکائے۔ یہ مکمل طور غیر سیاسی پروگرام ہیں تحریک انصاف عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر نون لیگ کو سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دے گی۔
اجلاس میں سینئر نائب صدرچودھری ظفر انور، نائب صدرچودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری عبدلماجد خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، مرکزی جائنٹ سیکرٹری خواجہ فاروق احمد,ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار مرتضیٰ علی احمد،ڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری مقبول احمد،ڈپٹی سیکریٹری جنرل سلیم بٹ،ڈپٹی سیکریٹری جنرل سکندر بیگ، سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔ اراکین نے بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت پر مکمل پر اعتماد پر اظہار کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم بھرپور طریقے سے جاری کرنے پر اتفاق کیا۔
Comments are closed.