اسلام آباد: تحریک انصاف آزادکشمیرکے دو بڑوں کی جنگ،تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت کابینہ کی تشکیل سے قبل ہی دھڑے بندی کا شکار ہوگئی۔ وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی کو کابینہ کی تشکیل میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بیرسٹر سلطان اور تنویر الیاس کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے الگ الگ اجلاس ہوئے ۔زیادہ سے زیادہ وزراتیں لینے کے لیے کوشاں گروپس نے کابینہ کی تشکیل کا اختیار آزاد کشمیر کی قیادت کو نہ ملنے پر بھی تشویش کا اظہا رکر دیا۔
سینئر وزیر آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی قیادت میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر سمیت اراکین اسمبلی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزارتوں کی تقسیم، صدارتی الیکشن اور کشمیر کونسل کے انتخابات پر مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کا اختیار آزاد کشمیر کی قیادت کو نہ ملنے پر بھی پارٹی رہنماؤں نے تشویش کا اظہا رکیا۔ اراکین نے کہاکہ وزارتوں کی تقسیم آزاد کشمیر حکومت اور وزیر اعظم کا اختیار ہے،آزاد کشمیر کی قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر وزارتوں کی تقسیم قبول نہیں کریں گے۔
دوسری جانب پارٹی صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت بھی گزشتہ روز ہم خیال ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں زیادہ وزارتیں اپنے گروپ کے ا راکین کودلانے کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 16 رکنی کابینہ تشکیل دئیےجانےکا امکان ہے جس میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ نے گیارہ وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں گروپس کابینہ میں زیادہ سے زیادہ وزارتیں لینے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔
Comments are closed.