پاکستان تحریک انصاف کا آزادکشمیر میں بغیر کسی اتحاد کے الیکشن لڑنےکا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے آئندہ  انتخابات کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری  نے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے اہم  ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ آمدہ انتخابات میں  تحریک  انصاف تنہا الیکشن میں اترے  گی اور آزادکشمیر کی کسی سیاسی  جماعت سے اتحاد نہیں ہوگا۔

چیف آرگنائزر پاکستان  تحریک  انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں پوری طرح متحرک ہو چکی ہے اور عوام کی  بھرپور شمولیت جماعت کی مقبو لیت کا  ثبوت ہے ، اس لیے کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اتریں گے،  انہوں نے کہاکہ  آزاد کشمیر سے اہم  سیاسی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے رابطے کررہی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں  صاف اور شفاف لوگوں کو ہی پارٹی میں   شامل کیاجائےگا،اس   حوالے  سے طریقہ  کار  طے کیا جا چکاہے ۔ یقین ہے کہ  آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات میں  تحریک  انصاف واحد اکثریتی جماعت بن کر  سامنے  آئے گی ۔

سیف اللہ خان نیازی نے واضح کیاکہ  بہترین سیاسی ساکھ  اور کردار کی   حامل  سیاسی شخصیات کو ہی  تحریک  انصاف میں  شامل کیاجائے گا، اس مقصد کے لیے پارٹی  کی اعلیٰ سطح سٹیرنگ کمیٹی کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی امیدواروں کے انتخاب کے طریقہ کار کا  بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

Comments are closed.