راولپنڈی/ اسلام آباد :سابق وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سردار عابد حسین عابد نے کہاہے کہ حلقہ 4 راولاکوٹ کے عوام کی بے پناہ محبت اور حمایت سے ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں ، ماضی میں اپنے لوگوں کی بے لوث اور بلا تخصیص برادری وقبیلہ خدمت کی، خوشی ہے حلقے کے عوام اس کا اعتراف بھرپور حمایت کی صورت میں کر رہے ہیں۔ عوام کا یہ جذبہ دیکھ کر یقین ہو چکا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کروں گا۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں مقیم حلقے کے عوام سے مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے سردار عابد حسین عابدنے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی عام اور غریب لوگوں کی حقیقی ترجمان ہے، یہی وجہ ہے کہ ساری زندگی پیپلزپارٹی کی نظریاتی جدوجہد کے ساتھ وابستہ رہا اور ذاتی مفاد کے بجائے اصولوں کو ترجیح دی ۔ جڑواں شہروں میں رہنے والے ہمارے لوگ معاشرے کے باشعور شہری ہیں، اس لیے انہیں آمدہ انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرناچاہیے ۔
سردار عابد حسین عابد نے شرکاء کو یقین دلایا کہ اگر انہیں انتخابات میں کامیاب کروایا جاتا ہے تو عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔ تنہا ان کی کوششوں سے نئے حلقے کا قیام عمل میں لایا گیا، اس تاریخی فیصلے کی صورت میں اب وافر مقدار میں فنڈز دستیاب ہوں گے جو صرف عوامی فلاح و بہبود کے لیے خرچ ہوں گے ۔
تقریب سے شیخ قاری افراز، صوبیدار اعظم ،قاضی انور، قاضی ذین، قاضی محمد نثار، ملک اعجاز، قاضی جاوید سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سردار عابد حسین عابد کی سیاست اور جدوجہد سے مکمل واقف ہیں، وہ چالیس سال سے سیاست میں سرگرم ہیں، اس دوران انہوں نے نامساعد حالات کے باجود عوام کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ان کے حقوق کا دفاع کیا اور علاقے میں بھرپور ترقیاتی کام کروائے ۔ آئندہ انتخابات بھی ان کا بھرپور ساتھ دیں گے ، سردار عابد حسین عابد ہر ہر دکھ سکھ میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے اور ایک عام آدمی ہونے کی وجہ سے انہیں عوامی مسائل کا باخوبی اندازہ ہے جن کے حل کے لیے ہم نے انہیں ہمیشہ متحرک کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا۔
مقررین کاکہناتھا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ اس سے قبل الیکشن میں حصہ نہ لینے کے باوجود بھی سردار عابد حسین عابد نے بڑھ چڑھ کر ہمارے کام کیے ، اب ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ انتخابات میں ان کا غیر مشروط ساتھ دیتے ہوئے انہیں کامیاب کروائیں اور انشاء اللہ ہم یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے ۔
Comments are closed.