تحریک آزادی کشمیر کےمنطقی انجام تک جدو جہد جاری رکھیں گے،راجہ نجابت حسین

                میرپور:جموں  کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل یکم جنوری 2024 سے اپنی  آئندہ کی  سرگرمیوں کا آغاز میرپور آزادکشمیر سے کرے گی جب کہ برطانیہ، یورپ اور دنیا بھر کے مختلف دارالحکومتوں میں کشمیر لابی کانفرنسیں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے،میرپور کانفرنس میں آزادکشمیر، مقبوضہ کشمیر اور بیرون ملک متحرک پارلیمنٹیرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت عالمی سطح پر بھارت کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ ِ پاکستان،وزیر اعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ محمد مقصود کاکڑوی، تحریک حق خود ارادیت یوتھ ونگ برطانیہ کے بانی چیئرمین راجہ ہشام شریف چھتر، اولڈھم کی کاروباری شخصیت راجہ محمد یعقوب خان، تحریک کے کنٹری کو آرڈینیٹرپاکستان ڈاکٹر راجہ ساجد محمود، تحریک حق خود ارادیت کے برطانیہ کے سرپرست سالار ممتاز احمد چشتی، تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم خان، مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق سیکرٹری جنرل محمد اسلم چوہدری اور سابق ڈائریکٹر اطلاعات آزاد کشمیر محمد رشید چوہدری نے میرپور میں منعقد ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا۔

راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر اگلے تین ماہ کی تحریک کی تقریبات اور برطانیہ سے پاکستان و آزاد کشمیر اور بیرون ملک جانے والے کشمیری وفود کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے حکومتی ایماء پر 5 اگست 2019 کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی تائید کر کے جہاں مسئلہ کشمیر کو ایک مرتبہ پھر اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ کشمیری عوام کے لئے آئینی، فوجی اور جابرانہ قبضے کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ بیرون ملک بسنے والے کشمیری آزاد خطہء کے سیاستدان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے آباؤ اجداد کی چلائی ہوئی تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کے لئے عملی جدو جہد کا اعادہ کریں اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت قائد ملت چوہدری غلام عباس اور ان کے ساتھیوں کے نظریے، سوچ اور جدو جہد کے مطابق اپنی سرگرمیاں تیز کریں۔ ریاست کے اندر اور باہر سیاسی و سفارتی جدو جہد کے ذریعے دنیا کے ہر با شعور شخص، سیاستدان، حکمران اور انسان دوست تنظیموں کے علاوہ عالمی اداروں کے پاس جا کر کشمیریوں کا حقیقی نقطہ ء نظر پیش کریں جس کے لئے بیرون ملک تحریک آزاد ی کشمیر پر کام کرنے  والی تنظیمیں اور شخصیات بھرپور تعاون کریں گی۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دو ملین باشندے دنیا بھر میں موجود ہیں اور وہ اپنے وطن کی آزادی اور پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے پہلے بھی سرگرم رہے ہیں اور اگلے سال بھرپور انداز میں منظم سیاسی، سماجی اور سفارتی مہم چلائیں گے تا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے مظالم بند کر وا کر ریاستی عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لئے راہ ہموار ہو سکے۔ اس موقع پر موجود تمام راہنماؤں نے تحریکی سرگرمیوں اور وفود کے دوروں میں اپنی بھرپور معاونت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

Comments are closed.