پونچھ میڈیکل کالج انٹری ٹیسٹ سینٹرکاخاتمہ سازش ہے،سردارعابدحسین عابد

راولاکوٹ :سابق وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ پونچھ میڈیکل کالج کا شمار اس وقت پاکستان کے بہترین میڈیکل کالجز میں ہوتاہے ، اپنے قیام سے لیکر اب تک پونچھ میڈیکل کالج نے ہرسال بہترین نتائج دئیے اور کئی بار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ماتحت بڑے میڈیکل کالجز کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔

 سردار عابد حسین عابد نے کہاکہ اعلی ٰ تعلیمی روایات کے تسلسل کیساتھ پونچھ میڈیکل کالج میں گزشتہ سات سال سے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا انعقاد بھی کامیابی کیساتھ انتہائی منظم اور بہترین انداز میں ہورہاہے اور کوئی  شکایت  سامنے  نہیں آئی  لیکن اچانک نئی بننے والی پاکستان میڈیکل کونسل نے پونچھ میڈیکل کالج کا سینٹر ختم کر دیا جو طلباء کے ساتھ ظلم ہے۔ پی ایم سی اور میڈیکل کالجز کے بورڈ آف گورنرز ایک ساز ش کے تحت نہ صرف پونچھ میڈیکل کالج کیساتھ دوہرا معیار اختیار کر رہے ہیں بلکہ آزادکشمیر کے طلباء کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے اذیت میں مبتلاکر دیا گیاہے ۔

 سردار عابد حسین عابد نے کہاکہ پونچھ میڈیکل کالج انٹری ٹیسٹ میں فارورڈ کہوٹہ سے لے کر انتہائی دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء آسانی کیساتھ ا نٹری ٹیسٹ کے لیے پہنچ سکتے تھے لیکن اب انہیں مظفرآباد ،راولپنڈی اور اسلام آباد انٹری ٹیسٹ کے لیے جانا ہوگا۔ اس اقدام سے جہاں غریب والدین کے سفری اخراجات کئی گنا بڑھ جائیں گے وہیں طلباء کو بھی سفری مشکلات درپیش ہیں۔ تیزی سے پھیلتی کورونا وباء کے باعث طلباء کے لیے مظفر آباد یا اسلام آباد کا سفر کسی طور خطرے سے خالی نہیں، ان شہروں میں پہلے ہی کورونا کے مسلسل کیسز سا منے آرہے ہیں جس سے طلباء کی صحت کو سنگین لاحق ہیں۔

سابق وزیر اطلاعات و نشریات آزادکشمیر سردار عابد حسین عابد نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر اور پی ایم سی پونچھ دشمنی سے باز رہے اور اپنے فیصلے پر فوری نظر ثانی کرتے ہوئے پونچھ میڈیکل کالج انٹری ٹیسٹ سینٹربحال کیا جائے ۔

سردار عابد حسین عابد کاکہناتھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں تین میڈیکل کالجز اور پانچ یونیورسٹیز کے قیام کیساتھ تعلیمی اداروں کا جال بچھایا، تعلیمی اداروں کے خلاف سازش کر کے اپنے بچوں کا مستقبل تباہ نہیں ہونے دیں گے ، ہم اپنے تعلیمی اداروں کے خلاف مظٖفرآباد اوراسلام آباد میں ہونے والی سازشوں سے مکمل آگاہ ہیں اور ا یسے کسی بھی اقدام کے خلاف سخت ترین ردعمل سے گریز نہیں کریں گے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر اور وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ان سازشوں کا نوٹس لیں اور پونچھ میڈیکل انٹر ی ٹیسٹ سینٹر فی الفور بحال کیا جائے ۔

Comments are closed.