چک ہسپتال فنڈز کی منتقلی راولاکوٹ کے عوام کے حق پر ڈاکہ ہے، سردارعابد حسین عابد

راولاکوٹ :سابق وزیر اطلاعات ونشریات آزاد کشمیر،آزاد امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے 21 پونچھ 4 سٹی راولاکوٹ، سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہمارے اداروں کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چک کے فنڈز کی سدھنوتی منتقلی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔ نون لیگی حکومت نے راولاکوٹ کے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

سردار عابد حسین عابد نے کہاکہ حکومت وقت اور اداروں کی مجرمانہ غفلت کے باعث تعمیراتی کمپنی نے سات کروڑ روپے لینے کے باوجودچک ہسپتال کا کام شروع نہیں کیا جبکہ بقیہ رقم سدھنوتی منتقل کر دی گئی۔ ضلع پونچھ کا سب سے بڑا میگا پراجیکٹ ان کی انتھک کوششوں اور جدوجہد سے منظور ہوا لیکن نون لیگی حکومت اور راولاکوٹ کے منتخب نمائندوں کی غفلت سے چک ہسپتال کی صورت میں صحت کا ایک اہم ترین منصوبہ راولاکوٹ کے عوام سے چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے ، میرے ہوتے ہوئے ایسا نہیں ہو سکتا۔

سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ احتساب بیورو اور الیکشن کمیشن فوری طور پر فنڈز منتقلی کا نوٹس لیں تاکہ عوامی فلاح کے اس منصوبے کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ یہ اقدام پونچھ بالخصوص راولاکوٹ کے عوام کیساتھ دشمنی اور ظلم کے مترادف ہے جس کے خلاف بھرپور عوامی قوت کیساتھ ہر فورم پر احتجاج کروں گا۔

سردار عابد حسین عابد نے کہاکہ انہوں ہر دور میں راولاکوٹ کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی جو ہر حال میں جاری رہے گی اور اس عوامی منصوبے کو بچانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا اور نہ کسی کو اپنے عوام کا حق غصب کرنے دوں گا۔ اس سے قبل کے وہ بھرپور احتجاج کی کال دے عوام کو سڑکوں پر لاوں  گا ، اعلی ٰ حکام چک ڈسٹرکٹ پیڈکوارٹرز ہسپتال کے فنڈز کی فوری واپسی یقینی بنائیں۔

  واضح رہے کہ  نون لیگ  کی حکومت نے مالی سال  2020-21 کے بجٹ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چیک راولاکوٹ کے لیے مختص  ساڑھے 12 کروڑ روپے میں سے  ساڑھے 5 کروڑ روپے ضلع سدھنوتی  منتقل کر دئیے ہیں جبکہ کمپنی نے  7 کروڑ  روپےوصول  کرنے بعد بھی کام  شروع نہیں کیا۔

Comments are closed.