راولاکوٹ :سابق وزیر اطلاعات و نشریات آزاد کشمیر سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ٹکٹ اور انتخابات میں حصہ لینا میرا حق ہے،طویل جدوجہد اور محنت کے بعد شہر راولاکوٹ کا حلقہ بنوایا ، اپنا گھر بناکر کسی اور کے حوالے کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، چالیس سال کی سیاسی جدوجہد کے بعد اب میرے پاس الیکشن لڑنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، اس لیے نئے حلقہ کے عوام میرا ساتھ دیں ، انشاء اللہ توقعات پر پورا اترتے ہوئے غازیوں اور شہیدوں کی نمائندگی کا حق ادا کروں گا۔
ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے دھمنی خواجہ محلہ میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ راولاکوٹ کے لیے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت کے دئیے تمام میگا پراجیکٹس میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اب پہلی بار انتخابات میں براہ راست حصہ لے رہا ہوں، تاکہ میں کامیاب ہوکر راولاکوٹ اور پونچھ ڈویژن کی موثر بن کر اپنا کردار زیاد احسن طریقتے سے ادا کر سکوں۔انہوں نے کہا کہ میرا ماضی گواہ ہے کہ عوامی مینڈیٹ کے بغیر میں نے ہر چوک اور چوراہے میں راولاکوٹ کے حقوق کی جنگ لڑی اور بہت سے حقوق لینے میں کامیاب بھی ہوا ۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ اہلیان دھمنی اور خواجہ برادری نے ہمیشہ انہیں عزت دی ، بھرپور تعاون پر میں ان کابے حد شکز گزار ہوں، مجھے یقین ہی کہ آپ لوگ اب کی بار میرا الیکشن ،اپنا الیکشن سمجھ کر لڑیں گے ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے سردار عابد حسین عابد کاکہنا تھاکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے کردار پر سوالیہ نشان ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کیلئے با لاالخصوص اہلیان پونچھ اور بالا العموم آزاد کشمیر کے لوگوں کو اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔مقبوضہ کشمیر میں اس وقت صورت حال سنگین ہے ، بھارت ریاست کے جغرافیے کیساتھ آبادی کا تناسب بھی تبدیل کر رہاہے ، عالم برادری آگے بڑ ھ کر بھارت کو ان غیر آئینی اقدامات سے روکے ۔
تقریب سے سردار یونس خان، بدرحفیظ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ سردار عابد حسین عابد ہم میں سے ہیں۔ اپنے لڑکپن سے لیکر آج تک انہوں نے عوام حقوق کے لیے جسطرح جد وجہد کی اس کی مثال نہیں ملتی ، اپنی محنت ، دیانتداری اور ایک ہی سیاسی جماعت میں رہ کر جس طرح انہوں نے ترقی کی منازل طے کیں اس سے ہمارا سر فخر سے بلند ہوا۔
مقررین نے کہاکہ سردار عابد حسین عابد جب پہلی بار مشیر حکومت بنے اس سےپہلے دھمنی میں ایک فٹ سڑک پختہ نہیں تھی لیکن عابد حسین عابد کی کاوشوں سے آج گاوں میں سٹرکوں جال بچھ چکا ہے اور کالج کی صورت میں بچیوں کو گھر کے قریب تعلیم کی بہترین سہولیات بھی میسر ہیں۔ تقریب میں موجود تمام افراد نے سردار عابد حسین عابد کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردار عابد حسین عابد پہلی مرتبہ براہ راست الیکشن میں حصہ لے رہیں، انہیں کسی صورت مایوس نہیں کریں، توقع ہے کہ ان کی خدمات کو سامنے رکھتے ہوئے پورے حلقے کے عوام ان کا ساتھ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے ۔
Comments are closed.