پیپلز پارٹی کا ناقابل تلافی نقصان، سینئررہنما سردارغلام صادق کا انتقال، بلاول بھٹو کا اظہار افسوس

راولا کوٹ: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر سردار غلام صادق کورونا وباء کے باعث انتقال کرگئے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار غلام صادق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کو ایک اور بڑا نقصان ہوا ہے، پارٹی کے سینئر رہنما اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق سپیکر سردار غلام صادق کورونا وائرس سے لڑتےہوئے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ان کی نماز جنازہ اورتدفین آبائی شہر ہجیرہ راولاکوٹ میں ہوگی۔

سردار غلام صادق کا شمار پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں ہوتا تھا، انہوں نے ذوالفقارعلی بھٹو شہید کو پھانسی دیئے جانے پر احتجاجا سرکاری سکول ٹیچر کی حیثیت سے استعفی دیا اورعملی سیاست کا آغاز کیا۔  وہ پونچھ کے حلقہ ہجیرہ سے ایک سے زائد مرتبہ کامیاب ہوئے۔ سردار غلام صادق وزیراعظم پاکستان کے مشیر اور پھر 2011 سے 2016 تک اسپیکر قانون سازاسمبلی رہ چکے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سابق اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار غلام صادق کے انتقال پر اظہارِ رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم سردار غلام صادق کے انتقال سے پارٹی ایک ثابتقد و ہر دل عزیز رہنما سے محروم ہوگئی، ملک و قوم اور خصوصاً آزاد کشمیر کی عوام کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم سردار غلام صادق کے لئے درجات کی بلند اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

Comments are closed.