سابق اسپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کے آبائی شہر ہجیرہ پھگواٹی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
نماز جنازہ کالج گراونڈ ہجیرہ میں ادا کی گئی جس میں سابق صدر اور وزراء اعظم آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان ،سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمودچوہدری، اسپیکر شاہ غلام قادر،ڈپٹی اسپیکر سردار عامر الطاف، وزیر صحت سردار نجیب نقی، صدر پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر، صدر جموں کشمیر پیپلزپارٹی اور رکن اسمبلی سردارحسن ابراہیم ،سابق وزراء سردار عابد حسین عابد، راجا فیصل راٹھور، میاں عبدالوحید ،سیاسی قائدین ، پیپلز پارٹی کے رہنماوں، کارکنان اور عوام نے ہزاروں کی تعدادمیں شرکت کی۔
سردار غلام صادق کا جسد خاکی جب اسی گراونڈ میں پہنچا جہاں وہ اپنی چالیس سالہ سیاسی جدوجہد میں بھرپور سیاسی جلسے کرتے رہے تو رقت آمیز مناطر دیکھنے میں آئے ، پیپلز پارٹی کے کارکنان دھاڑیں مار مار کر روتے رہے اور ایمبولینس پر پتیاں نچھاور کرتے رہے۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی رہنماوں نے مرحوم سردار غلام صادق کی جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس خطے میں نظریات کیساتھ رواداری کی سیاست کی بنیاد رکھی۔ساری زندگی پیپلزپارٹی کے ساتھ وابستہ رہے لیکن کبھی کسی دوسرے کے نظریے کو گالی نہیں دی۔یہ عام کارکن سے لیکر قیادت کی صف میں آنا اور پھر ریاست کے تیسرے بڑے عہدے پر فائز رہنا ان کی جدوجہد، استقامت اور وفاداری کا انعام تھا۔سردار غلام صادق مرحوم نے اپنی دیانت داری اور خوداری سے ریاست اور سیاست کے وقار میں اضافہ کیا۔
سردار غلام صادق مرحوم کے بیٹے سردار سعود صادق نے اپنے جذبات پر بہ مشکل قابو رکھتے ہوئے خوبصورت انداز میں اپنے والد کی سیاسی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے ترنگے جھنڈے کو تھام کر ہزاروں افراد کے مجمع میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپنے والد کی طرح وہ بھی پیپلز پارٹی کے جھنڈے میں دفن ہوں گے اور ان کا خاندان ساری زندگی پیپلز پارٹی سے وفادار رہے گا۔
سردار سعود صادق نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کا غم بانٹنے اور تعزیتی پیغامات پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، شریک چئیرمین آصف علی زرداری ، میڈیم فریال تالپور صاحبہ اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت اور کارکنان
کے شکر گزار ہیں۔
مرحوم کی نماز جنازہ گدی نشین نیریاں شریف پیر شمس العارفین نے پڑھائی اور دعائے مغفرت کی۔پیر شمس العارفین نے اعلان کیا کہ جس طرح انہوں اپنے مرید خاص سردار غلام صادق مرحوم کےسر پر ہمیشہ دست شفقت رکھا اب ہم ہر گھڑی ان کے خاندان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
Comments are closed.