نوجوان ساتھ  دیں، میرٹ کیلئے کسی  قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،سردارحسن ابراہیم

 راولاکوٹ :رکن آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی اور صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پبلک سروس کمیشن کو غیر فعال کر کہ ایڈہاک ازم کو تقویت بخشی ہے۔ایڈہاک ازم ایک ناسور کی حیثیت اختیار کر گیا ہے جسکی آڑ میں خطے کے قابل نوجوانوں کے میرٹ کو قتل کیا جاتا رہا ہے ۔

سردار حسن ابراہیم نے کہاکہ ایڈہاک تعیناتی کے لیے بھی ایک واضح طریقہ کار موجود ہےلیکن سیاسی بنیادوں و وابستگیوں کی بنیاد پر تعیناتیاں کر کہ نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے،ہم نے اسمبلی اجلاس میں بھی اسکی بھرپور مخالفت کی اور اپنا کردار اد ا کیا اور ہم اس نا انصافی کے خلاف عوامی عدالت میں بھی جائیں گے۔ حسن ابراہیم نے کہاکہ ہم بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور ہمارا ماضی اس کا گواہ ہے۔نوجوان اس ناانصافی پر مبنی نظام کے خلاف ہمارا ساتھ دیں، ہم بغیر کسی مصلحت کے میرٹ و انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں رکن قانون ساز اسمبلی و صدرجموں و کشمیر پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم خان نے کہا کہ ایڈہاک تقرری ایک مخصوص دورانیہ کے لیے ہوتی ہےلیکن جو لوگ طویل عرصہ سے ایڈہاک ہیں اسکی ذمہ دار بھی حکومتیں ہیں۔جب تک پی ایس سی کے ادارے کو فعال نہیں کیا جاتا اور اسے سیاسی مداخلت سے آزاد نہیں کیا جاتا، میرٹ کا نفاذ ممکن نہیں ۔

Comments are closed.