شبیر احمد شاہ اور محمود احمد ساغر کا پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال پر اظہار افسوس

 سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر قائد اور چیئرمین جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی شبیر احمد شاہ نے ممتاز کشمیری رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کے لندن میں انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں شبیر احمد شاہ نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم رہنما کو تحریک آزادی کشمیر میں ان کی گراں قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر شال نے تنازعہ کشمیر اجاگر کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جس پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے بھی پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے  تحریک آزادی کے لیے ان کی  خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔

Comments are closed.