کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اہل پاکستان کا شکریہ،شبیر احمدشاہ

کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر قائد اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں تاریخی جدوجہد کرنے والے اہل کشمیرکے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کرنے پر حکومت پاکستان اور اہل پاکستان کا بالخصوص شکریہ ادا کیا ہے۔

بھارت کی بدنام زمانہ دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں نظر بند رہنما نے5فروری کو کشمیری عوام کی حق خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے سے کشمیر کاز کے تئیں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھرپور اظہار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بہت سارے مشکل چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی مسلسل حمایت پر دل کی گہرائیوں سے معترف ہیں۔

شبیر احمد شاہ نے کہاکہ  ہم  امید کرتے ہیں کہ پاکستان اس وقت تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی اورناجائز قبضے سے آزادی کے اپنے عظیم مقصد اور نصب العین کو حاصل نہیں کر لیتے۔ پاکستان نے کشمیری عوام کی جاری جدوجہد آزادی کو تقویت دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

Comments are closed.