وفاقی وزیر شیریں مزاری کابھارتی جیل میں قید آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کا مطالبہ

 وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری  نے کہاہے کہ بھارتی جیل میں قید آسیہ اندرابی کو فوری رہا کیا جائے ۔ بھارتی عدالت کی جانب سے دختران ملت کی سربراہ کو تاحیات قید کی سزا سنائے جانے کا خدشہ ہے ۔ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف و رزیوں پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔

 وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں کشمیری خاتون رہنما اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے اہلخانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر انہون نے کہاکہ مودی سرکار مسلسل انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔بھارتی سپریم کورٹ نے نومبر 2012کے اپنے فیصلے میں عمر قید کی تعریف میں کہاکہ یہ سزا یافتہ فرد کے مرنے تک ہوگی ۔بھارتی عدالت 14 سے 18 جنوری تک آسیہ اندرابی کا فیصلہ سنائے گی جس میں آسیہ اندرابی سمیت دو خواتین کو عمر قید یعنی تاحیات قید کی سزادی جا سکتی ہے ۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ بھارت جو آسیہ اندرابی کے ساتھ کرنے جا رہا ہے وہ عدالتی قتل ہے، شیریں مزاری نے کہاکہ بین الاقوامی برادری معاملے کی سنگینی کا نوٹس لے، اس سے قبل کہ بھارتی عدالت اپنا فیصلہ جاری کرے۔ شیریں مزاری کاکہناتھاکہ مودی سرکار نے کشمیریوں پر ظلم کی ہر حد پارکر دی اوراب آبادی کا تناسب بھی تبدیل کیا جا رہاہے۔

اس موقع آسیہ اندرابی کے بیٹے نے کہاکہ ان کے والدین بغیرکسی جرم کےکئی سالوں سے بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ عالمی ادارے ان کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔

Comments are closed.