کراچی: سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کراچی زون کا مشاورتی اجلاس شہر قائد کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی زون کو مضبوط کرنے کے حوالے سے تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مشاورت کے بعد جلد کراچی زون کے عہدیداران کا اعلان کیا جائے گا جبکہ ملک کے سب سے بڑے شہرکراچی میں تنطیم کا ریجنل دفتر بھی قائم کیا جائے گا۔
بشیر سدوزئی نے شرکاء اجلاس کو تنظیم کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ سدھن ایجوکیشنل کانفرنس نے گزشتہ پانچ سال کے دوران 39 لاکھ 47 ہزار روپے جبکہ گزشتہ دو سال میں لگ بھگ 14 لاکھ روپے اسکالر شپس کی مد میں جاری کیے۔ اسکالر شپس حاصل کرنے والے طلباء میں سے 59 غیر سدھن طالب علم ہیں۔
راولاکوٹ کے مصروف ترین تعلیمی زون میں 5 منزلہ عمارت کی تعمیر پر کام شروع ہو رہا ہے جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ اس کمپلیکس میں مرکزی دفتر ہاسٹل اور ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ قائم ہوں گے، توقع ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تنظیم مالی خود کفالت کی طرف ایک قدم آگے بڑھے گی ۔ کراچی میں موجود ہمارے تاجر اس کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے اوراس کے لئے کراچی میں تنظیم کو مضبوط اور عوامی سطح پر متحرک کیا جائے گا۔
سردار ارشد محمود خان نے کہا کہ پونچھ ڈویژن کے عوام کی کثیر تعداد کراچی میں آباد اور تجارت سے منسلک ہے لیکن باہمی مضبوط رابطہ نہیں ہے۔ یہ تنظیم جہاں تعلیم کے فروغ کے لئے ایک ادارے کے طور پر کام کررہی ہے وہیں ہمارے لئے کراچی میں رابطے کا ایک مرکز بھی ثابت ہو گی اور کمیونٹی کو جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ثابت ہو گی۔
سردار مظفر خان اور سردار شہزاد خان نے کہا کہ کراچی میں کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے یہ اہم ادارہ ہے اس کو کراچی میں بھی متحرک کیا جانا ضروری ہے کراچی میں ہمارے تاجر کمپلیکس کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں سردار ارشد محمود خان، سردار مظفر خان، سردار محمد شہزاد خان، مصنف بشیر سدوزئی اوردیگر نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ سدھن ایجوکیشن کانفرنس کا قیام 1934 میں عمل میں لایا گیاتھا اورتنطیم گزشتہ 87 سال سے بلاتخصیص اپنے منشورپرعمل پیرا ہے۔
Comments are closed.